اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ وزارتِ توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں نظرثانی شدہ قیمتوں کے طریقہ کار اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی روشنی میں مقرر کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 333 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ تبدیلی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کو فی لیٹر اضافی قیمت ادا کرنا ہوگی، جبکہ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا۔یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر، درآمدی اخراجات اور دیگر عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔
عوام کیلئے نئی مشکل،پیٹرول مہنگا ہو گیا،ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان
21