ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس میں 2.58 روپے فی لیٹر پیٹرول اور 5.91 روپے فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اگر یہ اضافہ منظور ہو جاتا ہے تو پیٹرول کی قیمت 250.96 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 261.05 روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور درآمدی اخراجات میں اضافے کی وجہ سے حکومت قیمتوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے۔ آئندہ 16 نومبر سے ان قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس میں پیٹرول کی قیمت میں 1.35 روپے کا اضافہ کر کے اسے 248.38 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.85 روپے کا اضافہ کر کے اسے 255.14 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔