عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور پاکستان میں مہنگائی کی گرتی ہوئی شرح کے باعث ملک میں مسلسل چوتھی بار پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں 15 ستمبر سے کم ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کی جا سکتی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی کا حتمی فیصلہ 12 سے 14 ستمبر کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد کیا جائے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 ستمبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی تھی۔ پیٹرول کی قیمت میں 1.86 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی، جس سے نئی قیمت 259.10 روپے ہوگئی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.32 روپے فی لیٹر کی کمی ہوئی، جس کی قیمت اب 262.75 روپے ہوگئی ہے۔