اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر ردوبدل کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کردی ہے،جس کے بعد ملک میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 390 روپے 66 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا ہے،جن کا اطلاق 2 اکتوبر 2026 سے ہو گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے،جس کے بعد پٹرول 387 روپے 40 پیسے سے بڑھ کر 390 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔دوسری جانب ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے ایک پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے،جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 400 روپے 35 پیسے سے کم ہوکر 399 روپے 34 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔قیمتوں میں حالیہ ردوبدل عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں،عالمی نرخوں، پریمیم، درآمدی اخراجات اور دیگر متعلقہ عوامل میں ہونے والی تبدیلیوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل اور تیار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کا براہ راست اثر مقامی قیمتوں کے تعین پر پڑتا ہے۔عالمی سطح پر حالیہ دنوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اتار چڑھاو ریکارڈ کیا گیا ہے۔یکم اکتوبر کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے دسمبر کے سودے کی قیمت تقریباً 101 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی جبکہ مارکیٹ میں عالمی رسد سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر جغرافیائی کشیدگی، عالمی رسد کے خدشات اور مختلف ممالک کی تجارتی و برآمدی پالیسیوں کے اثرات بھی نمایاں ہیں۔چین کی جانب سے بعض خطوں کے لیے صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات معطل کرنے کے فیصلے نے بھی عالمی سطح پر تیار ایندھن کی دستیابی اور رسد کے حوالے سے دباو میں اضافہ کیا ہے۔
دوسری جانب خلیجی خطے سے خام تیل کی برآمدات میں کسی حد تک بحالی دیکھنے میں آئی ہے تاہم ڈیزل سمیت بعض صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اب بھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آسکی،جس کے باعث عالمی ایندھن مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔پاکستان میں پٹرول کی نئی قیمت 390 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر ہونے کے بعد شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سفری اخراجات پر بھی اضافی دباو پڑنے کا امکان ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے ایک پیسے کی کمی نسبتاً محدود ریلیف فراہم کرے گی۔نئی قیمتوں کے مطابق 2 اکتوبر سے پٹرول 390 روپے 66 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 399 روپے 34 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔