اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)حکومت پاکستان نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو معمولی مگر اہم ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ایگزو نیوز کے مطابق سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کی کمی کی گئی ہے،جس کے بعد نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔حکومت کے مطابق یہ کمی بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے تناظر میں کی گئی ہے۔اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 79 پیسے کمی کی گئی ہے،جس کے بعد اس کی نئی قیمت 279 روپے 64 پیسے ہوجائے گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں یہ کمی ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں پر مثبت اثرات ڈالے گی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر پندرہ روز بعد تبدیلی عالمی مارکیٹ کی قیمتوں،درآمدی لاگت اور روپے کی قدر کی روشنی میں کی جاتی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نئی قیمتوں کا مقصد مہنگائی کے دباو میں کمی لانا اور صارفین کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔قیمتوں میں اس کمی کے ساتھ حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں مزید بہتری آئی تو آئندہ پندرہ روز میں بھی عوام کو مزید ریلیف دیا جاسکتا ہے۔
پیٹرول سستا،ڈیزل مزید نیچے,حکومت کا عوام کیلئے بڑا ریلیف پیکج,پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان ہو گیا
14