راولپنڈی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 243 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 49 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کولن منرو نے 40 اور سلمان آغا نے 30 رنز بنائے۔
زلمی کی جانب سے جوزف اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 19ویں اوور میں 141 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ محمد حارث نے 87 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر دیگر بلے باز ناکام رہے۔ کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بنا سکے۔
اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے 3 جبکہ شاداب خان اور بین ڈوارشئیس نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
یہ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں دوسرا میچ تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ جدول میں آگے ہے، جب کہ پشاور زلمی تاحال فتح کی منتظر ہے۔ زلمی کو اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے بھی شکست ہوئی تھی۔