پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)گورنر ہاوس پشاور میں صدارتی سول اعزازات کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر پاکستان کی جانب سے صوبے کی 33 ممتاز شخصیات کو ان کی اپنے اپنے شعبوں میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں سول اعزازات سے نوازا۔
ایگزو نیوز کے مطابق تقریب میں کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری محمد ریاض نذیر گاڑہ،اعلیٰ سول و عسکری حکام،انتظامی افسران اور اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ستارہ امتیاز،تمغہ حسن کارکردگی،تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز جیسے اعلیٰ سول اعزازات دیے گئے۔تقریب کے دوران گورنر نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید،ایس ایس پی عطا الرحمن،شہاب الدین خان،محمد اسرار اور سید سلمان رحمان سمیت متعدد شخصیات کو خدمات عامہ میں نمایاں کارکردگی پر ستارہ امتیاز سے نوازا۔اسی طرح کھیل، ادب،صحافت اور فنون سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔کھیل کے شعبے میں سابق کرکٹر ثنا میر کو خصوصی طور پر ستارہ امتیاز دیا گیا جبکہ صحافت،ادب اور فنون میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو بھی صدارتی اعزازات سے نوازا گیا۔ شجاعت کے شعبے میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں متعدد افسران اور جوانوں کو تمغہ شجاعت دیا گیا۔اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس اعزاز کو اپنی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں مستقبل میں مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔تقریب کو صوبے میں خدمات کے اعتراف اور قومی سطح پر کارکردگی کے اعتراف کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
پشاور میں پروقار تقریب،مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر 33 شخصیات کو سول اعزازات
14