پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ تین ملکی ون ڈے سیریز کو لاہور اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں تیاریاں آخری مراحل میں ہونے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ سیریز، جس میں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں حصہ لیں گی، اصل میں ملتان میں منعقد ہونے والی تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان اپ گریڈ شدہ میدانوں کی تیاری اور ان کی عالمی معیار کی سہولتوں پر بھرپور اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، جو کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائیوں کیلئے بہترین تجربہ فراہم کرنے کے قابل ہیں۔ مزید تفصیلات سیریز کے حوالے سے جلد فراہم کی جائیں گی۔
پی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا کہ 2025 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا کام تیزی سے جاری ہے، اور قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہو رہے ہیں۔
ایک باقاعدہ اپ ڈیٹ میں پی سی بی نے شائقین کرکٹ، تماشائیوں اور میڈیا کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اپ گریڈیشن کام منصوبے کے مطابق جاری ہے اور یہ مقررہ وقت تک مکمل کر لیا جائے گا۔