لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے تنازع پر بروقت ردعمل نہ دینے پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس فیصلے کو پاکستان کی عزت اور وقار سے جڑے معاملے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیدا ہونے والے تنازع کے بعد سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عثمان واہلہ کو اس بنیاد پر ہٹایا گیا کہ انہوں نے میچ کے دوران سامنے آنے والے غیر معمولی واقعے پر بروقت ردعمل نہیں دیا اور آئی سی سی کو خط تاخیر سے لکھا۔ پی سی بی کے اندرونی حلقوں کے مطابق یہ تاخیر ادارے کے موقف کو کمزور کرنے کا سبب بن سکتی تھی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔واقعے کے پس منظر میں بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان آغا سلمان کو ہدایت دی تھی کہ روایتی شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر کو یہ بھی کہا کہ یہ سب مناظر ریکارڈ نہ ہوں۔ اس واقعے نے پی سی بی حکام اور ٹیم مینجمنٹ کو حیران کر دیا اور میچ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے باضابطہ طور پر شکایت بھی کی۔ذرائع کے مطابق رسل نے جواب دیا کہ انہیں بھارتی بورڈ اور درپردہ بھارتی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ اس انکشاف نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا اور پی سی بی نے فوری طور پر اس پر سخت موقف اپنایا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی عزت اور وقار ان کے لیے سب سے بڑھ کر ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پی سی بی نے اپنے خط میں آئی سی سی اور ایم سی سی کو آگاہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے اپنے فرائض منصبی کی صریحاً خلاف ورزی کی، آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کو پامال کیا اور ایم سی سی کے وضع کردہ قوانین کے برخلاف رویہ اپنایا۔ خط میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کھیل کی اسپرٹ کو مجروح کیا گیا ہے، جو ایک بڑی خلاف ورزی ہے اور جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو فوری طور پر تبدیل نہ کیا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ کے آئندہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔ بورڈ کا موقف ہے کہ یہ صرف ایک ٹیم یا ایک میچ کا مسئلہ نہیں بلکہ کھیل کی شفافیت، غیر جانبداری اور اسپرٹ آف کرکٹ کا سوال ہے، جسے ہر قیمت پر برقرار رکھنا ضروری ہے۔
آئی سی سی کو خط دیر سے لکھنے پرپی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ معطل
6