لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں دو سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کر دیا ہے جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔اس پابندی کے بعد وہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سطح پر کسی بھی فارمیٹ میں کرکٹ کھیلنے کے اہل نہیں رہیں گے۔
پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر پر ویزا درخواست کے دوران گمراہ کن اور نامکمل معلومات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہوا،جس کے بعد ان کے خلاف باضابطہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔بورڈ کا کہنا ہے کہ ویزا عمل کے دوران اہم حقائق چھپانا ایک سنگین خلاف ورزی ہے،جو نہ صرف قواعد کی خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کی ساکھ کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم تین رکنی انکوائری کمیٹی نے کرکٹر کو اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا۔کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں بورڈ نے پابندی اور جرمانے کا فیصلہ سنایا۔پی سی بی نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر غلط معلومات،حقائق چھپانا یا گمراہ کن بیانات ناقابل قبول ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے گی۔فیصلے کے بعد تاحال حمزہ نذر کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کارکردگی کے لحاظ سے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 16 میچز کھیل چکے ہیں،جہاں 27 اننگز میں 748 رنز سکور کیے اور ایک سنچری سمیت پانچ نصف سنچریاں بنائیں۔ ان کا بہترین انفرادی سکور 175 ناٹ آوٹ رہا۔باولنگ کے شعبے میں بھی انہوں نے 26 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بہترین کارکردگی 49 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہی۔لسٹ اے کرکٹ میں 15 میچز کے دوران انہوں نے 192 رنز بنانے کے ساتھ 18 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 10 میچز کھیل کر 65 رنز اور 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔پی سی بی کے اس فیصلے کو کرکٹ میں شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے،جس کے تحت کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔