لاہور کا قذافی سٹیڈیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کیلئے تیار۔ پی سی بی نے شائقین کرکٹ کو مفت افطاری دینے کا اعلان بھی کردیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے دبئی میں جہاں بھارت اور آسٹریلیا کے مابین پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا وہیں لاہور کا قذافی سٹیڈیم نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانیوالے میچز کا جائزہ لیا جائے تو دونوں ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں 73 بار آمنے سامنے آئی ہیں جس میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ جنوبی افریقہ نے 42 بارکیوی ٹیم کو زیر کیا تو صرف 26میچز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کامیاب ہوسکی ہے جبکہ پانچ میچز بے نتیجہ رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں صرف دوبار ٹاکرا ہوا ہے جس میں ایک بار نیوزی لینڈ تو ایک بار جنوبی افریقہ کامیاب رہی ہے۔ اس بار کون کامیاب ہوگا یہ وقت بتائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل کی خاص بات یہ ہوگی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹکٹ ہولڈر شائقین کرکٹ کو مفت افطار باکس بھی دے گا۔