پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیسن گلیسپی کے پاکستان ریڈ بال کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے عاقب جاوید کو عبوری ریڈ بال کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ کے طور پر عاقب کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری آل فارمیٹ کے دورے کے دوران دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع کے خلاف فیصلے کے بعد جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقہ میں پاکستانی ٹیم میں شمولیت سے انکار کر دیا تھا۔
موجودہ عبوری وائٹ بال کوچ عاقب جاوید جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کے لیے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کی جگہ لیں گے۔
پاکستان کے سبکدوش ہونے والے ریڈ بال کوچ اور پی سی بی کے درمیان اختلافات اس وقت شروع ہوئے جب ٹم نیلسن کو معاہدہ ختم ہونے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔