Home » ملک کے بڑے کاروباری اداروں کی نمائندہ پاکستان بزنس کونسل کی قیادت میں تبدیلی،زیاد بشیر چیئرمین اور سید حیدر علی وائس چیئرمین مقرر

ملک کے بڑے کاروباری اداروں کی نمائندہ پاکستان بزنس کونسل کی قیادت میں تبدیلی،زیاد بشیر چیئرمین اور سید حیدر علی وائس چیئرمین مقرر

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کے بڑے کاروباری اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان بزنس کونسل(پی بی سی)نے آئندہ 18 ماہ کے لیے اپنی نئی قیادت کا اعلان کر دیا ہے،جس کے تحت گل احمد ٹیکسٹائل ملز کے ڈائریکٹر زیاد بشیر کو کونسل کا نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے جبکہ پیکجز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو اور منیجنگ ڈائریکٹر سید حیدر علی کو وائس چیئرمین کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کے مطابق زیاد بشیر اس سے قبل فروری 2025 سے کونسل کے نائب چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا بھی حصہ ہیں۔ 48 سالہ زیاد بشیر 2005 میں قائم ہونے والی پاکستان بزنس کونسل کے کم عمر ترین چیئرمینوں میں شامل ہیں۔نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد زیاد بشیر نے کہا کہ پاکستان بزنس کونسل کی اصل پہچان حکومت سے مراعات حاصل کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کی آواز کو موثر انداز میں پیش کرتے ہوئے قابلِ عمل پالیسی تجاویز دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کونسل کو شکایات کے بجائے ایسے حل پیش کرنے چاہئیں جن پر عملی اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے 18 ماہ کے دور میں ان کی ترجیحات میں پاکستانی برآمدات کی مسابقت میں اضافہ، ٹیکس نظام کو وسعت دینا،کاروباری لاگت کم کرنا اور نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا شامل ہو گا تا کہ ملکی کمپنیاں عالمی سطح پر بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

زیاد بشیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مدت کے اختتام پر کونسل کی کارکردگی کو تجاویز کی تعداد سے نہیں بلکہ ان اقدامات سے جانچنا چاہیں گے جن سے ملکی معیشت اور کاروباری ماحول میں حقیقی بہتری آئے۔پاکستان بزنس کونسل 2005 میں ملک کے بڑے کاروباری گروپس نے نجی شعبے کی پالیسی سازی میں موثر نمائندگی کے لیے قائم کی تھی۔اس وقت کونسل کے ارکان کی تعداد 102 کمپنیوں تک پہنچ چکی ہے،جو ملکی برآمدات،ٹیکس وصولیوں اور مجموعی قومی پیداوار میں نمایاں حصہ رکھتی ہیں۔زیاد بشیر اس سے قبل بھی معاشی اور پالیسی معاملات میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔وہ وزیراعظم کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کے رکن، پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور مختلف کاروباری و سماجی اداروں سے وابستہ رہ چکے ہیں۔کاروباری شعبے میں ان کی خدمات کے دوران برآمدی مسابقت، ٹیکس نیٹ میں توسیع،نجکاری،مارکیٹ تک رسائی اور ریٹیل سیکٹر کی دستاویز بندی جیسے معاملات نمایاں رہے۔انہوں نے نجی شعبے کی نمائندگی کرتے ہوئے وزارت خزانہ،ایف بی آر اور دیگر قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی مختلف پالیسی امور پر کام کیا۔

زیاد بشیر کراچی میں ڈنمارک کے اعزازی قونصل جنرل بھی ہیں۔ پاکستان اور ڈنمارک کے تعلقات کے فروغ میں کردار پر انہیں 2025 میں ڈنمارک کے شاہی اعزاز ”نائٹس کراس آف دی آرڈر آف دی ڈینی بروگ“ سے بھی نوازا گیا۔دوسری جانب نئے وائس چیئرمین سید حیدر علی بھی پاکستان کے معروف کاروباری رہنماوں میں شمار ہوتے ہیں اور طویل عرصے سے پاکستان بزنس کونسل کے بورڈ آف گورنرز سے وابستہ ہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان بزنس کونسل کی نئی قیادت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کو برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری آسانیوں کے لیے موثر پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔زیاد بشیر نے بھی اپنی مدت کے دوران معاشی اصلاحات اور نجی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز