تقریبا دو دہائیوں بعد پروفیشنل باکسنگ رِنگ میں دوبارہ واپس آنے والے لیجنڈ مائیک ٹائسن کو اپنے پہلے میچ میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
ٹیکساس میں کھیلے گئے اس میچ میں جیک پال نے متفقہ فیصلے کے ذریعے مائیک ٹائسن کے خلاف کامیابی حاصل کی، لیکن یہ مقابلہ اس بڑی تشہیر کے مطابق نہیں تھا، جس کی دنیا توقع کر رہی تھی۔
27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر سے باکسر بننے والے جیک پال اور 58 سالہ باکسر لیجنڈ مائیک ٹائسن کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ نیٹ فلیکس پر براہ راست نشر کیا گیا۔ ٹائسن کا وزن 228.4 پاؤنڈ تھا جبکہ جیک پال کا وزن 227.2 پاؤنڈ تھا۔
واضح رہے کہ مقابلے سے پہلے مائیک ٹائسن نے اپنے حریف جیک پال کے منہ پر زوردار تھپڑ مارتے ہوئے کہا تھا اب بات ختم ہوگئی ہے۔ ٹائسن نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ان کا مقصد صرف خود کو آزمانا ہے، نہ کہ مالی فائدہ کمانا۔