آسٹریلوی کرکٹ کپتان پیٹ کمنز کی فروری میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت ٹخنے میں جاری مسائل کی وجہ سے غیر یقینی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمنز کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ٹخنے میں تکلیف ہوئی تھی۔ اگلے ماہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے ان کی فٹنس کا تعین کرنے کے لیے وہ آنے والے دنوں میں اسکین کروانے والے ہیں۔
آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا کہ وہ اس معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگانے اور حل کا تعین کرنے کے لیے اسکین کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی بارڈر-گواسکر ٹرافی کے دوران، کمنز نے 167 اوورز کرائے، جو سیریز میں کسی بھی آسٹریلوی باؤلر کی طرف سے سب سے زیادہ ہے، اور 25 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ کمنز نے اپنے بچے کی پیدائش کیلئے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کا انتخاب کیا، جس کے بعد اسٹیو اسمتھ نے بطور کپتان عہدہ سنبھالا۔