Home » یاد آئیں گی تیری وہ الفت سے بھری باتیں۔۔۔۔۔۔

یاد آئیں گی تیری وہ الفت سے بھری باتیں۔۔۔۔۔۔

تحریر:علامہ محمد اُسیدالرحمن سعید

by ahmedportugal
25 views
A+A-
Reset

سائے کم ہوتے نظر آ رہے ہیں، دھوپ بڑھتی چلی جا رہی ہے دن بدن ،، علم اُٹھ رہا ہے اہل علم کی شکل و صورت میں،اللہ رحم فرمائے۔۔ جانشین مرشد عالم ؒ حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی فی ذمة اللہ ۔۔۔۔۔۔۔
دل درد سے افسردہ آنکھیں ہیں شکیبانہ
علماء کی جدائی سے ویران ہے میخانہ
یاد آئینگی تیری وہ الفت سے بھری باتیں
انداز حکیمانہ شفقت سے وہ سمجھانا
سوچاہی نہیں تھا کچھ ایسا بھی کبھی ہو گا
درویشوں کا گلشن سے لمحے میں چلے جانا
پیر طریقت رہبر شریعت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی رحمہ اللہ علیہ 13 دسمبر 2025 عیسوی ، 21 جمادی الثانی 1447 ہجری بروز ہفتہ اسلام آباد میں دارالفناء والغرور سے دارلبقاء والسرور میں منتقل ہو گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنے کون قصہ دردِ دل میرا غمگسار چلا گیا
جسے آشناوں کا پاس تھا،وہ وفا شعار چلا گیا
وہی بزم ہے وہی دھوم ہے ،وہی عاشقوں کا ہجوم ہے
ہے کمی تو بس میرے چاند کی ،جو تہہ مزار چلا گیا

پہلی نماز جنازہ چکوال میں صبح گیارہ بجے جبکہ دوسری نماز جنازہ اور تدفین خانقاہ حبیبہ نقشبندیہ فیض گاہ شریف جھنگ میں 14 دسمبر 2025، 22 جمادی الثانی 1447 ہجری شام سات بجے ادا کی گئی۔۔۔۔۔ پیر صاحب رحمہ اللہ علیہ کی نماز جنازہ اُنکے بڑے صاحبزادے حضرت مولانا پیر محمودالحسن نقشبندی مجددی نے پڑھائی ،جوکہ اُنکے جانشین بھی ہیں، بلاصلاحیت با اخلاق، انتہائی ملنسار اور مہمان نواز صالح انسان ہیں، خالق کائنات ہمارے پیارے بھائی کو مزید خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازتے، ویسے بھی بزرگوں سے سنا ہے کہ مسند پر بیٹھنے کے بعد اللہ تعالیٰ صاحبِ مسند کو نواز دیتے ہیں۔ ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ دنیاوی زندگی عارضی جبکہ موت حقیقی و یقینی امر ہے، پھر بھی ناجانے کیوں دکھ بھری خبر سن کر اوسان خطا ہو گئے، آنکھیں نم ہو گئیں ، جانا ہم میں سے ہر ایک نے ہے مگر سعید بخت ہیں وہ بندے جو زندگی بامقصد گزرنے ہیں،حق تلفی کی بجائے حقوق کی ادائیگی کا خیال رکھتے ہیں، شاکر و صابر بن کر زندگی گزارتے ہیں، امام الاولیاءمفسر قرآن حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمہ اللہ کا فرمان کہ اللہ تبارک وتعالی کو عبادت، رسول اکرم ﷺ و اطاعت واتباع اور مخلوق خدا کو خدمت سے راضی کرنا یہی دین اسلام کا خلاصہ ہے۔۔۔نابغہ روزگار شخصیت حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی رحمہ اللہ مہتمم دارالعلوم حنفیہ چکوال انتہائی معزز و مکرم ، معتدل و متوازن ،متقی و مصلح ،ملنساز و مہمان نواز الغرض جملہ اوصاف سے متصف شخصیت تھے۔۔۔۔۔۔
مشفق و مہربان ہردلعزیز شخصیت ،مجاہد اسلام،پیر طریقت،رہبر شریعت حضرت مولانا پیر سیف اللہ خالد نقشبندی مجددی قدس سرہ بانی و مہتمم جامعہ منظورالاسلامیہ لاہور کینٹ کے ہمراہ بیت مرشد عالم ؒ چکوال میں ان گنت مرتبہ حاضری ہوئی،چونکہ حضرت مولانا پیر محمد سیف اللہ خالد صاحب نقشبندی مجددی حمہ اللہ علیہ کا شمار مرشد عالم حضرت مولانا پیر حافظ غلام حبیب نقشبندی مجددی کے اجل خلفاءمیں ہوتا ہے،اسلام آباد جاتے آتے کئی بار چکوال مرشد خانہ جاتے اور اپنے مرشد حضرت مولانا حافظ غلام حبیب نقشبندی مجددی رحمہ اللہ کے مزار اقدس پر حاضر ہو کر طویل مراقبہ اور دعا فرماتے،بعد میں انکے صاحبزادگان سے ملاقات فرماتے،گزشتہ دنوں برادرم حضرت مولانا پیر محمد اسداللہ فاروق نقشبندی مجددی صاحب مہتمم جامعہ منظور الاسلامیہ لاہور کینٹ کے ہمراہ چکوال بیعت مرشد عالم ؒ میں حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی رحمہ اللہ سے بسلسلہ عیادت طویل ملاقات ہوئی،حضرت پیر صاحب رحمہ اللہ انتہائی خوش اخلاقی و خوش مزاجی و شگفتگی سے پیش آئے،علمی و عملی ،ادبی و روحانی،اصلاحی و سیاسی تناظر میں تفصیلا گفت و شنید ہوئی،بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،یہی محسوس ہوا کہ آپ اپنے والد مرحوم ومغفور حضرت مولانا حافظ غلام حبیب نقشبندی مجددی رحمہ اللہ علیہ سمیت کئی روحانی نسبتوں کے امین ہیں۔۔۔حضرت پیر عبدالرحیم نقشبندی رحمہ اللہ اپنے مواعظ و نصائح میں قرآن وسنت کی روشنی میں ہمیشہ اپنے متعلقین کے عقائد صحیحہ واعمال صالحہ کی درستگی فرماتے۔۔۔حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کی ہمیشہ تلقین کرتے۔۔۔۔

جب بھی ملاقات ہوتی،انتہائی فکری و نظریاتی گفتگو فرماتے،میرے میڈیا پر پروگرامز کے حوالے سے بہت خوشی کا اظہار فرماتے،ایک مرتبہ ایک ٹی وی پروگرام کے حوالے سے گفتگو ہوئی،چند دوستوں بزرگوں کیطرف سے حوصلہ شکنی ہونے کا ذکر کیا تو فرمانے لگے مولانا صاحب کچھ بھی ہو جائے آپ میڈیا سے جدا نہ ہوں بلکہ میڈیا کے ذریعے آپ اپنی علمی فکری نظریاتی محنت جاری رکھیں،ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ کے حوالہ سے بھی گفتگو کیا کریں،میں دعاگو ہوں،دائیں بائیں دیکھے بغیر آگے بڑھتے رہیں،بڑے مقاصد کیلئے چھوٹی چھوٹی چیزیں نہیں دیکھیں جاتیں بلکہ نظر انداز کرنا پڑتی ہیں۔۔۔اخلاص نیت کے ساتھ مستند و پائیدار بات کریں اللہ کریم آپکا حامی و ناصر ہو گا۔نماز ظہر کے بعد پرتکلف ضیافت فرمائی۔۔۔کھانے کے دوران پھر فرمانے لگے حضرت اس فیلڈ کو آپ نہیں چھوڑنا،اپنا موقف دلائل و براہین کے ساتھ انتہائی شائستگی کے انداز میں بیان کریں،پھر جب بھی چکوال جانا ہوتا،غیرمعمولی شفقت اور خوب ضیافت کا اہتمام فرماتے،فون پر بات ہوتی تو حال احوال،جامعہ کے خیر خبر کے بعد میڈیا کے حوالے سے پوچھتے،مولانا !سنائیں لکھنا لکھانا،ٹی وی پروگرامز کیسے جا رہے ہیں؟مثبت جواب سنکر خوش ہوتے،دعائیں دیتے۔۔۔حوصلہ افزائی اور رہنمائی فرماتے۔۔۔ یقینا یہ خوبیاں بڑے لوگوں میں ہوتی ہیں،بڑا انسان ہمیشہ اپنے اخلاق و کردار سے ہی بڑا ہوتا ہے،پہلے سلف صالحین،اکابرین امت کے دنیا فانی سے چلے جانے کے بعد خلا پر ہو جایا کرتے تھے مگر دن بدن خلا کا پر ہونا بھی مشکل نا ممکن ہوتا چلا جا رہا ہے۔

حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی رحمہ اللہ علیہ کی جدائی عظیم سانحہ ہے مجھ سمیت لاکھوں دل افسردہ اور رنجیدہ ہیں۔۔۔آپ کی وفات حسرت آیات پر ناقابل تلافی خلا پیدا ہو چکا ہے،اب تو سائے ختم ہوتے جا رہے ہیں،دھوپ ہی دھوپ ہر طرف نظر آتی ہے،مسندوں پر بھی نا خلف،کم ظرف اور بونے لوگ براجمان ہوتے دکھائی دیتے ہیں الا ماشاءاللہ۔۔۔۔۔اللہ کریم ہمارے حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی مجددی رحمہ اللہ کے ساتھ اپنی شان کریمی و رحیمی کا معاملہ فرمائے،انکی کامل مغفرت و بخشش اور درجات بلند فرمائے،سیئات کو حسنات میں مبدل فرمائے،انکا فیض تا قیامت جاری و ساری فرمائے۔۔۔۔ مرقد انور کو باغیچہ جنت بنائے،آخرت کی منازل آسان فرمائے،انہیں رفیق اعلیٰ میں شامل فرمائے،روز جزا جام کوثر اور شفاعت کبری نصیب فرمائے۔ برادرم حضرت مولانا صاحبزادہ پیر محمود الحسن نقشبندی مجددی،حضرت رحمہ اللہ کے چھوٹے بھائی حضرت صاحبزادہ پیر عبدالقدوس نقشبندی مجددی جو کہ نہایت مشفق و مہربان،انتہائی خوب صورت و خوب سیرت شخصیت ہیں،خانوادہ مرشد عالم رحمہ اللہ کے سرپرست و سربراہ کے حیثیت سے گردانے جاتے ہیں،اللہ کریم انکا سایہ شفقت و عاطفت پورے خاندان پر تا دیر سلامت رکھے، صاحبزادہ حضرت مولانا پیر عبدالشکور نقشبندی،صاحبزادہ طاہر حبیب نقشبندی،بردارم صاحبزادہ حبیب الرحمن قاسمی نقشبندی سمیت تمام عزیز و اقارب،مریدین ، متوسلین،معتقدین،محبین کو صبرجمیل اور اجرجزیل عطا فرمائے۔۔۔۔آمین

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز