احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پرویز الٰہی پر فرد جرم عائد کردی۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف فرد جرم عائد کی جنہوں نے الزامات کی تردید کی ہے۔
فاضل جج نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔ پرویز الٰہی نے چارج شیٹ پر دستخط کیے۔
گزشتہ سماعت میں جج نے پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے عدالت میں حاضری سے ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی تھی۔
واضح رہے کہ عدالت اس مقدمے میں محمد خان بھٹی، خالد محمود چٹھہ، آصف محمود، نعیم اقبال، محمد اصغر اور اسد علی کے خلاف پہلے ہی فرد جرم عائد کر چکی ہے۔