پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ 19 مجرموں کو معافی دینا کوئی اہم پیش رفت نہیں ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل 67 مجرموں میں سے 19 کی سزاؤں کو معاف کیا گیا ہے جو بہت کم تعداد ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اصرار کیا کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کا ٹرائل غیر آئینی ہے اور سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں عوام اور ملکی مفاد کو بالادست رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جن افراد کی اپیلیں قبول کی گئیں ہیں، اُن کو طریقہ کار کی تکمیل کے بعد رہا کر دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان، سمیع اللہ ولد میر داد خان، لئیق احمد ولد منظور احمد، امجد علی ولد منظور احمد، یاسر نواز ولد امیر نواز خان، سید عالم ولد معاذ اللہ خان اور زاہد خان ولد محمد نبی کی سزا معاف کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ محمد سلیمان ولد سید غنی جان، حمزہ شریف ولد محمد اعظم، محمد سلمان ولد زاہد نثار، عاشر بٹ ولد محمد ارشد بٹ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل، سفیان ادریس ولد ادریس احمد، منیب احمد ولد نوید احمد بٹ، محمد احمد ولد محمد نذیر، محمد نواز ولد عبدالصمد، محمد علی ولد محمد بوٹا، محمد بلاول ولد منظور حسین اور محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم کی بھی سزا معاف کی گئی ہے۔