نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو بھرپور اور مدلل انداز میں مسترد کر دیا، جس پر بھارتی مندوب بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اجلاس کا ہال چھوڑ کر چلا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارتی پروپیگنڈے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کا اصل ذمہ دار ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے، جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور پاکستان آج بھی دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط ستون ہے۔محمد راشد نے کہا کہ بھارت کا یہ وطیرہ بن چکا ہے کہ کسی بھی واقعے کو بغیر ثبوت، منطق یا تحقیقات کے فوری طور پر پاکستان پر تھوپ دیا جائے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اس حملے کی مذمت کی بلکہ آزاد اور شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ تاہم بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ اس کے برعکس بھارت نے اس واقعے کو جواز بنا کر بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر جارحیت کی، جس میں 54 معصوم پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں 15 بچے اور 13 خواتین شامل تھیں۔پاکستانی مندوب نے بھارتی عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پورے خطے کو اپنی بالادستی کی خواہشات اور انتہا پسندانہ نظریات کی بنیاد پر یرغمال بنائے ہوئے ہے۔ اس کا اصل چہرہ یہ ہے کہ یہ ملک نہ صرف غیر قانونی قبضے قائم رکھے ہوئے ہے بلکہ ایک خفیہ اور سرحد پار دہشت گردانہ نیٹ ورک بھی چلاتا ہے۔ انہوں نے کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا واضح اور زندہ ثبوت قرار دیا۔سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے کہا کہ حقیقی امن و ترقی صرف خلوص، باہمی احترام، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، وہ اصول جنہیں پاکستان ہمیشہ مقدم رکھتا آیا ہے،اگرانڈیا واقعی امن چاہتا ہے تو اسے بھی یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔پاکستان کے ٹھوس اور دلائل سے بھرپور جواب پر بھارتی مندوب سخت پریشان نظر آیا، اجلاس کے دوران فون سنتے ہوئے اسے شدید گھبراہٹ کا شکار دیکھا گیا اور بالآخر بوکھلاہٹ کے عالم میں اجلاس کا ہال چھوڑ کر باہر نکل گیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کا منہ توڑ جواب،بھارتی مندوب بوکھلاہٹ میں ہال سے فرار
20