اسلام آباد (ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے خلاف آپریشن ’غضب للحق‘ کو تب تک جاری رکھے گا جب تک ملک میں دہشتگردی کے تمام خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتے۔انہوں نے افغان طالبان اور ہمسایہ ملک کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں اور کسی بھی دہشتگرد تنظیم کو پاکستانی زمین کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور آپریشن کی کامیابی تک فوج اور سیکیورٹی ادارے بلا توقف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں افغانستان کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا تاہم افغان طالبان رجیم کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا اور اب تک ساڑھے 8 ہزار پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے کبھی پاکستان میں اپنی سرزمین کا استعمال دہشتگردی کے لیے نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔پاکستان نے افغان طالبان کو 10 ارب روپے کی پیشکش بھی کی اور واضح پیغام دیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ کریں تاہم ترلائی میں دھماکے،باجوڑ میں خودکش حملے اور دیگر دہشتگردانہ واقعات میں افغانستان کی ملوث ہونے کی شواہد سامنے آئے،جس کے بعد پاکستان نے آپریشن ’غضب للحق‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن کے دوران خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہو چکی ہیں اور افغان طالبان کی جانب سے دہشتگردی روکنے کی یقین دہانی تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس سلسلے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت کے لیے تین دورے کیے تاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔طارق فضل چوہدری نے ایران کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو بھی واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں تناو کی شدت میں کمی آئے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے اپنی سرحدی سلامتی کے لیے مکمل تیاریاں کر رکھی ہیں اور افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے خطرات کے خاتمے کے لیے آپریشن ‘غضب للحق’ کو موثر انداز میں جاری رکھا ہے۔
افغان طالبان کے خلاف آپریشن ’غضب للحق‘ دہشتگردی روکنے تک جاری رہے گا،وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا ہمسایہ ملک کو واضح پیغام
6