اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحالی کے راستے پر گامزن ہے اور ملک سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط پوزیشن میں کھڑا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نجکاری کے عمل کو تیز تر بنانے اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے سہولتوں میں اضافے کا عندیہ بھی دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ اعلان اسلام آباد میں اس وقت سامنے آیا جب وزیر خزانہ نے یورپی یونین کے نومنتخب سفیر برائے پاکستان،رائموندس کاروبلس سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت ٹیکسیشن، توانائی، سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو اور پبلک فنانس میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم ذاتی طور پر اصلاحاتی ایجنڈے کی قیادت کر رہے ہیں، عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی حالیہ مثبت رپورٹس پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا ثبوت ہیں۔انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس، معدنیات، آئی ٹی، زراعت اور نجکاری کے شعبوں میں یورپی کمپنیوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت یورپی یونین کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ سہولت پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر یورپی سفیر کاروبلس نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 300 سے زائد یورپی کمپنیاں پاکستان میں سرگرم ہیں اور دونوں فریقین اقتصادی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔سفیر نے اعلان کیا کہ یورپی یونین،پاکستان بزنس فورم آئندہ سال کے پہلے نصف میں مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے براہِ راست روابط کا موثر پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی 30 فیصد سے زائد برآمدات یورپی مارکیٹ میں جاتی ہیں، جو دونوں خطوں کے درمیان تجارتی تعلقات کی مضبوطی کا ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یورپی انویسٹمنٹ بینک کراچی میں پانی و صفائی کے منصوبوں سمیت ریلویز، توانائی اور دیہی ہاوسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔دونوں فریقین نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین آنے والے دنوں میں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھائیں گے۔
پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر،یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
5