کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی تباہ حالی کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا ہے،جودہ حکومت نے ترقی اور سرمایہ کاری کے بڑے بڑے دعوے تو کیے، مگر حقیقت یہ ہے کہ آج پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ناقابلِ اعتماد ملک بن چکا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی تھی کہ غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی، انڈسٹری ترقی کرے گی، روزگار بڑھے گا اور معیشت کو استحکام ملے گا، لیکن زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں،آج صورتحال یہ ہے کہ دنیا کی نامور ملٹی نیشنل کمپنی Gillette نے پاکستان میں اپنا کاروبار ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ملک کے بڑے ٹیکسٹائل گروپ گل احمد کو بھی اپنی ملز بند کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت کو بچانے کے بجائے مزید ڈبونے کا کام کیا گیا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حکومت نے جس معیشت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا، اسی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے،جو سرمایہ کار لانے کے لیے حکومتی نمائندے بیرون ملک جاتے ہیں، وہی اپنی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کو بھگا رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حکومت نے ملکی صنعت اور کاروباری طبقے کا اعتماد مکمل طور پر کھو دیا ہے۔ اب بیرونی سرمایہ کاری تو دور کی بات ہے، ملکی سرمایہ کار بھی اپنے اثاثے سمیٹنے پر مجبور ہیں،یہ عوام کے لیے ایک تباہ کن پیغام ہے، کیونکہ سب سے زیادہ نقصان عام آدمی کو ہو رہا ہے جس کے روزگار اور مستقبل پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کا اعتراف کرے اور ملک کو معاشی تباہی سے نکالنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے، ورنہ سرمایہ کاری کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں گے۔
پاکستانی معیشت تباہی کے دہانے پر،حکومتی دعوے جھوٹ ثابت ہو گئے،حلیم عادل شیخ کی وفاقی حکومت پر کڑی تنقید
6