پاکستان میں سیلولر سبسکرائبرز کی تعداد نومبر 2024 کے آخر تک 19 کروڑ 32 لاکھ 38 ہزار 238 تک پہنچ گئی، جبکہ موبائل ٹیلی ڈینسٹی 79.10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق موبائل براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد 13 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں موبائل انٹرنیٹ کی رسائی کی شرح 56.90 فیصد رہی۔
مزید برآں، فکسڈ ٹیلیفون سبسکرائبرز کی تعداد 30 لاکھ رہی، جبکہ فکسڈ ٹیلی ڈینسٹی 1.10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد 14 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی، جس کی رسائی کی شرح 58.39 فیصد رہی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 86,000 سمز کو ملک مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بلاک کر دیا گیا، جیسا کہ پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے قومی اسمبلی کو بتایا۔
پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے قومی اسمبلی میں آسیہ ناز تنولی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ حکومت نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) کو بھی بلاک کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 86,000 سمز کو ملک مخالف سرگرمیوں کے باعث بند کیا گیا ہے اور جلد ہی جعلی خبروں کے خلاف سخت قوانین کیلئے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ میں ترامیم متوقع ہیں۔
ساجد مہدی نے یہ بھی تصدیق کی کہ وی پی این کے استعمال کو بھی محدود کر دیا گیا ہے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔