کراچی (اسلم مراد ) پاکستان نے کراچی میں جاری آئیڈیاز 2024نمائش میں پانچویں نسل کا جدید ترین لڑاکا طیارہ بنانے کا اعلان کرکے طیارہ سازی کی صنعت اور حریف ملکوں میں کھلبلی مچادی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نمائش میں پاکستان ائیر فورس کے ائیر کموڈور اظہر نے بتایا کہ پاکستان نے اس سے قبل چین اور روس کے تعاون سے جے ایف 17طیارہ بنایا تھا جس کے تین بلاک بنائے گئے تھے یہ طیارہ زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے جس کے بعد ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے اور کسی بھی جارحیت میں ملکی دفاع کے لیے ایکس نام سے جدید ترین پانچویں نسل کا طیارہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے یہ سٹیلتھ طیارہ ہوگا جو ریڈار پر نظر نہیں آئے گا جبکہ اس طیارے کی سپیڈ بھی فرانس کے رافیل اور دوسرے طیاروں سے بہتر ہوگی پاکستان کی جانب سے نیا طیارہ بنانے کے اعلان کے بعد امید ہے کہ دوسرے ممالک بھی اس پراجیکٹ میںشامل ہوسکتے ہیں ۔
ترکیہ بھی اپنا نیا لڑاکا طیارہ بنارہا ہے جبکہ چین بھی امریکہ ایف 22اور ایف 35کے مقابلے میں جدید ترین طیارہ بنا رہا ہے ۔ تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ اس طیارے کے بنانے میں کن کن ملکوں سے تکنیکی معاونت لی جائے گی ۔ پاکستان ائیر فورس میں اس وقت معراج 7 , F16بلاک 52جے ایف سترہ سمیت دوسرے طیارے شامل ہیں تاہم امریکہ کی جانب سے پاکستان کو غیر اعلانیہ پابندی کا سامنا ہے جس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے پہلے ترکی میں اپنے ایف سولہ طیاروں کو اپ گریڈ کروایا ، اوور ہالنگ کروایا اور پھر اس کام میں مہارت حاصل کی بعد میں معراج سات طیاروں کو اپ گریڈ کیا گیا اور پھر جے ایف سترہ کے تین مختلف بلاک بنائے گئے ممکنہ طور پر نئے طیارے کی تیاری میں روسی انجن اور چین کی تکنیکی مہارت شامل ہوسکتی ہے ۔