وزیراعظم شہباز شریف کو حکام نے آگاہ کیا ہے کہ شام سے بیروت پہنچنے والے پاکستانی شہریوں کو 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی رات ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے پاکستان واپس لایا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے معاملے پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کو واپس آنے والے پاکستانیوں کو ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شام میں باغیوں کی جانب سے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد سیکڑوں پاکستانی شہری شام میں پھنس گئے تھے۔ جن کے انخلا کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب نجیب میقاتی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی بیروت کے ذریعے فوری واپسی کے لیے ان کی مدد طلب کی تھی۔ جس کے جواب میں میقاتی نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی تھی کہ لبنان پاکستانی شہریوں کو بھرپور استقبال کرے گا اور ان کی محفوظ واپسی کے لیے تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔
بعد ازاں تقریباً 350 پاکستانی شہریوں، جن میں 245 پاکستانی زائرین بھی شامل ہیں، نے شام-لبنان سرحد عبور کی اور محفوظ وطن واپسی کیلئے لبنان پہنچ گئے۔