سکردو(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی کے برف پوش میدانوں میں ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئیں جہاں کیمپنگ کے دوران ایک براون ریچھ نے ان پر حملہ کر دیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دیوسائی نیشنل پارک میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھیں۔حملے کے بعد انہیں فوری طور پر اسکردو ہسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کے دونوں بازووں پر گہرے زخم آئے ہیں تا ہم خوش قسمتی سے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اس اچانک پیش آنے والے سانحے نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ شوبز انڈسٹری کو بھی شدید صدمے سے دو چار کر دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق قرة العین بلوچ دیوسائی میں ایک نئے گانے کی شوٹنگ کے لیے موجود تھیں اور ٹیم کے ساتھ کیمپنگ کا پروگرام بنایا گیا تھا، اسی دوران ایک براون ریچھ کیمپ کی طرف آ نکلا اور گلوکارہ پر حملہ آور ہو گیا،اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور انتظامیہ حرکت میں آئے اور ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہسپتال پہنچایا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کے دونوں بازووں پر کئی گہرے زخم آئے ہیں جنہیں فوری طور پر ٹانکے لگائے گئے اور ادویات دی گئیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قرة العین بلوچ کو مکمل آرام اور فزیوتھراپی کی ضرورت ہوگی لیکن ان کی زندگی کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں۔انتظامیہ نے واقعے کے بعد فوری طور پر علاقے میں موجود دیگر سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہیں کہ دیوسائی جیسے خطرناک علاقوں میں کیمپنگ ہمیشہ ہوٹلوں یا محفوظ مقامات کے قریب کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف حکام نے بھی کہا ہے کہ براون ریچھ دیوسائی کے مقامی جاندار ہیں اور ان کے قریب جانا یا ان کے مسکن کے اندر کیمپنگ کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔واقعے نے یہ سوال بھی کھڑا کر دیا ہے کہ دیوسائی جیسے علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے دوران حفاظتی اقدامات کیوں نہ کیے گئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر سیاحوں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اور رہنمائی فراہم کی جائے تو ایسے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ قرة العین بلوچ کے مداح ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں جبکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دیوسائی جیسے مقامات پر سیاحوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
معروف پاکستانی گلوکارہ قرة العین بلوچ پر خونخوار ریچھ نے حملہ کر دیا
12