Home » پاکستانی سفیر کی نو منتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے اہم ملاقات،کشمیر اور اسلاموفوبیا سمیت اہم امور پر گفتگو،اسحاق ڈار کا تہنیتی خط بھی پہنچا دیا

پاکستانی سفیر کی نو منتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے اہم ملاقات،کشمیر اور اسلاموفوبیا سمیت اہم امور پر گفتگو،اسحاق ڈار کا تہنیتی خط بھی پہنچا دیا

by ahmedportugal
50 views
A+A-
Reset

جدہ(امیر محمد خان سے)جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کی نئی قیادت کے ساتھ پاکستان نے سفارتی روابط کا اہم مرحلہ شروع کرتے ہوئے نو منتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے رابطہ کیا ہے،جس میں کشمیر،اسلاموفوبیا اور مسلم امہ کو درپیش سیاسی،سلامتی اور معاشی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر نے جدہ میں نو منتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے ان کے لیے تہنیتی خط بھی پیش کیا۔پاکستانی سفیر نے نو منتخب سیکریٹری جنرل کو پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات پہنچاتے ہوئے ان کے انتخاب کو او آئی سی کے رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اتفاقِ رائے سے اسماعیل ولد شیخ احمد کا انتخاب تنظیم کے رکن ممالک کے ان پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔سفیر سید محمد فواد شیر نے ملاقات کے دوران پاکستان اور او آئی سی کے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنظیم کے بانی ارکان میں شامل ہے اور مسلم دنیا کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے او آئی سی کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان او آئی سی کے مختلف اقدامات اور سرگرمیوں میں اپنا فعال تعاون جاری رکھے گا اور تنظیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئی قیادت کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھے گا۔
ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔پاکستانی سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ او آئی سی کی نئی قیادت مسلم دنیا کے دیرینہ مسائل، بالخصوص کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے تنظیم کے کردار کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش مسائل پر بھی دونوں رہنماوں کے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر مسلم امہ کو درپیش سیاسی، سلامتی اور معاشی چیلنجز کے تناظر میں او آئی سی کے موثر اور متحد کردار کی ضرورت پر زور دیا گیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلم ممالک کے درمیان تعاون، باہمی رابطے اور مشترکہ حکمت عملی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکی ہے۔ ان کے مطابق او آئی سی مسلم ممالک کے اجتماعی مفادات کی نمائندگی کرنے والا ایک اہم پلیٹ فارم ہے اور تنظیم کی موثر فعالیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر نو منتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پر سفیر سید محمد فواد شیر کا شکریہ ادا کیا۔او آئی سی کے نو منتخب سیکریٹری جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ملاقات کو پاکستان اور او آئی سی کی نئی قیادت کے درمیان مستقبل میں تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،بالخصوص ایسے وقت میں جب مسلم دنیا کو کشمیر،اسلاموفوبیا،سلامتی اور معاشی مشکلات سمیت متعدد مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز