مناما(ایگزو نیوز ڈیسک)بحرین میں مقیم پاکستان نژاد معروف کاروباری شخصیت عزیر عثمان نے بحرین کے بادشاہ، حماد بن عیسی ال خلیفہ سے ایک اہم اور تفصیلی ملاقات کی،جس میں پاکستان اور بحرین کے تعلقات،تجارتی تعاون،سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق معروف کاروباری شخصیت عزیر عثمان کی بحرین کے بادشاہ،حماد بن عیسی ال خلیفہ سے ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی،جس میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔عزیر عثمان نے اس موقع پر کہا کہ بحرین میں کاروباری ترقی کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت نے سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحرین میں کاروبار دوست پالیسیوں اور جدید انفراسٹرکچر کے باعث دنیا بھر کی معروف کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں،بحرین خطے میں ایک ایسا کاروباری مرکز بن چکا ہے جہاں استحکام،شفافیت اور سہولت ایک ساتھ میسر ہیں۔بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسی ال خلیفہ نے عزیر عثمان کی کاروباری کامیابیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔بادشاہ نے کہا کہ عزیر عثمان بحرین کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں،جنہوں نے اپنی محنت،وژن اور لگن کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔عزیر عثمان پاکستان اور بحرین کے معروف بزنس مین محمد عثمان کے فرزند ہیں۔انہوں نے اپنے والد کے قائم کردہ کاروباری ورثے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔عزیر عثمان کی قیادت میں بحرین میں مختلف شعبوں،خصوصاً تجارت،سرمایہ کاری اور رئیل سٹیٹ میں نئی راہیں کھل رہی ہیں۔سیاسی و کاروباری حلقوں نے عزیر عثمان اور بحرین کے بادشاہ کے درمیان ملاقات کو دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ماہرین کے مطابق اس ملاقات سے نہ صرف بحرین میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا بلکہ خطے میں اقتصادی تعاون کے نئے در وا ہوں گے۔
بحرین میں پاکستانی نژاد بزنس ٹائیکون عزیر عثمان کی بادشاہ حماد بن عیسی الخلیفہ سے اہم ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور کاروباری تعاون پر تفصیلی گفتگو
7