Home » صحت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم،ووہان یونیورسٹی اور پاکستان کے درمیان اہم ایم او یو سائن،نوجوان ڈاکٹرز کیلئے نئے در کھل گئے

صحت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم،ووہان یونیورسٹی اور پاکستان کے درمیان اہم ایم او یو سائن،نوجوان ڈاکٹرز کیلئے نئے در کھل گئے

by ahmedportugal
36 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کی قیادت میں چین کے دورے کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ووہان یونیورسٹی اور پاکستان کے درمیان نیوروسرجری کے شعبے میں ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کو صحت کے شعبے میں ایک نئی تاریخ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستانی نوجوان ڈاکٹرز کو چین میں جدید طبی تربیت اور مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ اس اشتراک سے دونوں ممالک کے درمیان طبی تعاون کو بھی مزید فروغ ملے گا۔


ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں قائم پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے چین کے حالیہ دورے کے دوران نیوروسرجری کے شعبے میں ایک اہم بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کی اور دونوں ممالک کے درمیان طبی تعاون کو نئی جہت دی۔دورہ چین کے دوران انہوں نے ”بیلٹ اینڈ روڈ پاکستان چین نیوروسرجری انٹرنیشنل سمپوزیم“ میں شرکت کی، جہاں پاکستان اور چین کے ماہرین کے درمیان جدید طبی تحقیق، ٹیکنالوجی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے ووہان یونیورسٹی کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے،جسے دونوں ممالک کے درمیان نیورو سائنسز کے شعبے میں تعاون کا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس معاہدے کے تحت پاکستانی نیورو سرجنز، خصوصاً نوجوان ڈاکٹرز کو چین کی معروف جامعات میں جدید ترین طبی تربیت اور مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،جس سے پاکستان میں نیوروسرجری کی خدمات کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان اور چین کے درمیان طبی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور جدید تحقیق و ٹیکنالوجی کے تبادلے سے مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس تعاون کے ذریعے ملک میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صحت کے شعبے میں بہتری کے وژن کے عین مطابق ہے،جس کا مقصد صوبے بھر میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ اس معاہدے سے نہ صرف پاکستانی ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ جدید طبی تحقیق کے دروازے بھی کھلیں گے،جس سے مجموعی طور پر پاکستان کے شعبہ صحت کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی اور عوام کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں گی۔

 

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز