لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دوٹوک اور دبنگ انداز میں کہا کہ اگر خطے میں کسی نے اپنی بدمعاشی یا طاقت دکھانے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا، پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر کسی نے جارحیت مسلط کی تو قوم متحد ہوکر اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بات چیت کے دروازے کھول کر ایک بالغ نظری کا مظاہرہ کیا ہے،کیونکہ مذاکرات ہی ہر مسئلے کا پائیدار حل ہیں،جنگ، خون یا بارود سے کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا،امن ہی معیشت اور استحکام کی بنیاد ہے،سیاست کو ایک سمت اور راستہ ملنا چاہیے کیونکہ صوبے اگر وفاق سے بات نہ کریں تو ریاست کی بنیادیں ہل جاتی ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھارتی پالیسیوں اور مودی سرکار کے رویے کو خطے میں کشیدگی کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے نا قابل تردید شواہد دنیا کے سامنے رکھے جا چکے ہیں،بھارت بلوچستان میں پیسہ دے کر لوگوں کو خریدتا اور پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے،پاکستان کی انٹیلی جنس صلاحیتوں اور سفارتی کوششوں نے بھارتی پراکسی وار کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر الزامات لگائے مگر پانچ ماہ گزرنے کے باوجود کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا،مودی کی جنگی سوچ نے خطے کو بارود کے ڈھیر پر لا کھڑا کیا ہے لیکن پاکستان امن،ترقی اور بات چیت پر یقین رکھتا ہے،اگر کسی نے بدمعاشی دکھائی تو پھر ہم بھرپور جواب دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک افغان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے،کیونکہ خطے کے امن کا دارومدار اسی مکالمے پر ہے،افغانستان کے اندرونی حالات ہمیشہ پاکستان کو متاثر کرتے ہیں،اس لیے ہمیں باہمی سمجھوتے اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے ٹی ایل پی پر پابندی کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شدت پسند گروہ یا دہشت گرد تنظیم سے بات چیت نہیں کی جا سکتی،ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوتے،ان کا جواب صرف قانون کی طاقت ہے۔ملک احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت معاشی استحکام،سیاسی برداشت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے ملک کو مضبوط بنانے کے مشن پر گامزن ہے،ہم امن چاہتے ہیں لیکن کمزوری نہیں دکھائیں گے،پاکستان کا دفاع،سالمیت اور خود داری ہماری سرخ لکیر ہے اور اگر کوئی اس لکیر کو پار کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے جواب ضرور ملے گا،پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے لیکن دشمن کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ہمارا امن پسندی کمزوری ہے،ہم بات بھی کریں گے،دلیل بھی دیں گے لیکن اگر وقت آیا تو عمل سے جواب دیں گے،خطے میں امن کا قیام ہی پاکستان کا اصل ہدف ہے کیونکہ امن ہو گا تو ترقی ہو گی اور ترقی ہی ہر تنازع کا اصل جواب ہے۔
اگر کسی نے خطے میں بدمعاشی دکھائی تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا سخت انتباہ،مذاکرات کو واحد راستہ قرار دے دیا
11