پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو 36 رنز سے شکست دے کر پروٹیز کو اُن کی ہوم گراونڈ پر وائٹ واش کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 271 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہینرک کلاسن 43 گیندوں پر شاندار 81 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 4 جبکہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل صائم ایوب کی شاندار سنچری اور کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم کی نصف سنچریز کی بدولت پاکستانی ٹیم 309 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ صائم ایوب کو ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 3 جبکہ مارکو جانسن اور بیجورن فورٹوئن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ کوئن ڈی بروئن اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں بارش کی وجہ سے میچ کو 47 اوورز فی سائیڈ تک محدود کر دیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔