Home » افغان سرزمین کا غلط استعمال عالمی امن کے لیے خطرہ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا: دفتر خارجہ

افغان سرزمین کا غلط استعمال عالمی امن کے لیے خطرہ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا: دفتر خارجہ

by ahmedportugal
24 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا جبکہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کی مبینہ معاونت نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے اور کسی بھی قسم کے خطرات کا موثر جواب دیا جائے گا۔طاہر اندرابی نے افغان طالبان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو کسی بھی قسم کی حمایت یا پناہ دینا خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے،پاکستان مسلسل اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتا آیا ہے اور عالمی برادری کو بھی اس خطرے کا ادراک کرنا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بحری راستوں کی سلامتی،آزادانہ آمد و رفت اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری انتہائی ضروری ہے،پاکستان اپنے بحری مفادات اور تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری،سلامتی اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن حل کی کوششوں کی حمایت پاکستان کی مستقل پالیسی کا حصہ ہے۔

پاک ایران تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ ایرانی وزیر داخلہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں،جن میں دوطرفہ تعلقات،سرحدی سیکیورٹی،معاشی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ایران نے مشترکہ سرحدی انتظام مزید موثر بنانے اور دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔کشمیر کے معاملے پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے تاہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

پاک چین تعلقات پر بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ دونوں ممالک نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آسیان اجلاس کے موقع پر پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں خودمختاری،علاقائی سالمیت اور عالمی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں تاہم ٹیرف سے متعلق کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چائلڈ لیبر سمیت مختلف معاملات پر اپنا موقف امریکی حکام کے سامنے واضح کر دیا ہے۔کارگل جنگ کے حوالے سے سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ یہ معاملہ تاریخ کا حصہ ہے جبکہ سابق وزیر خارجہ سرتاج عزیز کی کتاب اس حوالے سے ایک اہم دستاویز ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز