Home » پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کے لیے اپنا کلیدی کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا،وزیر اعظم شہباز شریف

پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کے لیے اپنا کلیدی کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا،وزیر اعظم شہباز شریف

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کلیدی کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں ہونے والی مثبت پیش رفت عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں کئی دہائیوں بعد فریقین کو ایک میز پر لانا پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ تاریخی لمحہ 24 کروڑ عوام کے لیے بھی ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کلیدی کردار آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جنگوں کے آغاز اور ان کے خاتمے میں برسوں بلکہ دہائیاں لگ جاتی ہیں تاہم پاکستان ہمیشہ اللہ کی رضا اور انسانی جانوں کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔وزیر اعظم نے یہ بات وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملکی سیاسی،معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ارکان کو ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور اس ضمن میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے اجلاس میں ایران امریکا مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر امید ہے کہ یہ مثبت پیش رفت آگے بھی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کی امیدوں کا محور بن چکا ہے اور کئی دہائیوں بعد ایسا موقع آیا ہے کہ ایران اور امریکا کو ایک میز پر بٹھایا گیا، جو پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پاکستان کی درخواست پر منعقد ہوئے،جن میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح وفود نے شرکت کی اور پاکستان نے اس پورے عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایران اور امریکا کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کی دعوت قبول کی اور یہ کامیابی کسی فرد کی نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی عزت اور وقار کی عکاس ہے۔

شہباز شریف کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوا ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح وفود کے درمیان 21 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے،جن کے دوران کئی بار بات چیت تعطل کا شکار ہونے کے باوجود دوبارہ بحال کی گئی،جو اس عمل کی سنجیدگی اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ موقع ملا کہ وہ خطے میں امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرے اور اب تک جنگ بندی برقرار ہے تاہم اس عمل کو مستقل امن میں بدلنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔وزیراعظم نے اس موقع کو پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن وطن عزیز کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان کو یہ موقع ملا کہ وہ جنگ کے بادلوں کو مستقل امن میں تبدیل کرنے میں کردار ادا کرے اور اس دوران ایسے لمحات بھی آئے جب فریقین کے درمیان بات چیت ٹوٹنے کے قریب پہنچ گئی تھی مگر پاکستان کی کوششوں سے مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے۔

انہوں نے کابینہ اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے دن رات محنت کی اور ان کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔کابینہ نے بھی متفقہ طور پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے قرارداد تشکر منظور کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ ربِ ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر بجا لاتی ہے اور اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شبانہ روز کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں معاملات کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو وہ عزت ملی ہے جو کم ہی ممالک کو نصیب ہوتی ہے اور یہ کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب دنیا کی معیشتیں غیر یقینی صورتحال کا شکار تھیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان 47 سال بعد اعلیٰ سطحی رابطہ قائم ہونا ایک تاریخی پیش رفت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے وفود نے الگ الگ لیکن مشترکہ نکات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے، اور اس تمام عمل میں پاکستان نے امن کے لیے ایک موثر اور ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئندہ بھی خطے میں امن،استحکام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا تاکہ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز