اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک بھر میں ٹیلی کام صارفین کے لیے اخراجات میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے،جہاں مختلف موبائل کمپنیوں نے کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔اس پیش رفت کے ساتھ ہی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے متعدد ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی نئی ٹیرف شیٹس بھی جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق بعض موبائل پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ بنیادوں پر دستیاب کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتیں 500 روپے تک بڑھائی گئی ہیں،جس سے صارفین کے ماہانہ بجٹ پر براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مختلف دورانیے کے پیکجز بھی اس اضافے سے متاثر ہوئے ہیں۔ 15 روزہ پیکجز کی قیمتوں میں 300 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز 130 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔اسی طرح تین روزہ پیکجز میں 21 روپے،دو روزہ پیکجز میں 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود صارفین کو بہتر معلومات فراہم کرنے کے لیے کنزیومر اویئرنیس سیکشن کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔اس سیکشن کے ذریعے 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی مکمل تفصیلات،بشمول موجودہ قیمتیں،مدت، فراہم کردہ سہولیات اور سہ ماہی ڈیٹا،دستیاب کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا باآسانی تقابلی جائزہ لے سکیں۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے تاہم قیمتوں میں حالیہ اضافے نے صارفین کے لیے موبائل سروسز کے اخراجات میں واضح اضافہ کر دیا ہے،جس کے اثرات روزمرہ مواصلاتی ضروریات پر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موبائل صارفین پر بڑا بوجھ، کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے، قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ،پی ٹی اے نے تفصیلات جاری کر دیں
10