Home » پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت،عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت،عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)دفتر خارجہ پاکستان نے لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور موثر اقدامات کے ذریعے جارحیت کو ختم کرائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جو خطے میں امن اور بین الاقوامی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔پاکستان لبنان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کی حمایت جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس سے ٹیلی فونک گفتگو میں لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔دونوں رہنماوں نے مشرقِ وسطیٰ میں عارضی جنگ بندی کے مکمل نفاذ کی اہمیت پر زور دیا جبکہ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ نے پاکستان کی امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششوں میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔اسی دوران نائب وزیراعظم نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا،جس میں لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کی گئی۔دونوں رہنماوں نے خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے اور جنگ بندی کے مکمل احترام پر زور دیا جبکہ پاکستان نے پائیدار امن کے لیے سعودی عرب کی حمایت کو سراہا اور مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی لبنان میں اسرائیل کے بڑے پیمانے پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور تمام فریقین سے فوری کارروائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ جاری فوجی سرگرمیاں جنگ بندی اور خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں، جبکہ سیکڑوں شہری بشمول بچے ہلاک اور زخمی ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد لبنان پر تاریخی حملے کیے گئے، جن میں 254 افراد شہید اور 1100 سے زائد زخمی ہوئے۔اسرائیل نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پانے والی جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اس بات کی وضاحت کی۔پاکستان کی قیادت بشمول وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ لبنان میں جاری حملے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں اور اس کی شدید مخالفت کی جاتی ہے جبکہ لبنان کی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کو موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز