Home » کرکٹ کا میلہ سجنے کو تیار،پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی شاندار رونمائی،بابر اعظم واپسی پر تیار،مائیک ہیسن کا بڑا اعلان

کرکٹ کا میلہ سجنے کو تیار،پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی شاندار رونمائی،بابر اعظم واپسی پر تیار،مائیک ہیسن کا بڑا اعلان

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو سپورٹس ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، جس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ کے سنسنی خیز معرکے کی فضا گرم ہو گئی ہے۔ ٹرافی کی تقریبِ رونمائی اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور جنوبی افریقہ کے قائد ڈونوون فریرا نے شرکت کی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔تقریب کے موقع پر پاکستان کے وائٹ بال ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو ٹی20 سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم میں بیلنس برقرار رکھنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کی حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔ہیڈکوچ نے مزید بتایا کہ عثمان خان کو سپن بولرز کے خلاف ان کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے، جب کہ عثمان طارق ایک ابھرتے ہوئے سپن ٹیلنٹ کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان اس وقت صرف ایک روزہ فارمیٹ میں دستیاب ہیں اور انہیں اپنی فارم کی بحالی کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کام کرنا ہوگا۔مائیک ہیسن نے ورلڈکپ اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال پر کہا کہ کوچنگ سٹاف مختلف کمبی نیشنز اور آپشنز پر غور کر رہا ہے تاکہ عالمی ایونٹس کے لیے بہترین توازن والی ٹیم تیار کی جا سکے،محمد حارث ایک باصلاحیت نوجوان ہیں،انہیں متعدد مواقع دیے گئے مگر وہ تسلسل نہ دکھا سکے،ہمیں توقع ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید محنت کر کے بہتر انداز میں واپسی کریں گے۔

ہیڈکوچ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ایشیا کپ فائنل میں شکست ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا تھی مگر اس ہار نے کھلاڑیوں کو اپنی کمزوریوں پر کام کرنے کا موقع دیا، پاکستان ٹیم کو ٹی20 فارمیٹ کے مختلف شعبوں، خصوصاً پاور پلے بولنگ، مڈل اوور بیٹنگ اور فیلڈنگ کے معیار میں بہتری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن بین الاقوامی سطح پر مستقل مزاجی اور ذہنی مضبوطی ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ مائیک ہیسن نے یقین ظاہر کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز نئی توانائی کے ساتھ آغاز کا موقع ثابت ہوگی۔کرکٹ مبصرین کے مطابق اس سیریز میں بابر اعظم کی واپسی ٹیم کے لیے ایک بڑا حوصلہ ہے، جبکہ نئے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے حریف کے سامنے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔اسلام آباد میں ٹرافی کی رونمائی نے شائقین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کر دیا ہے،اب نظریں راولپنڈی سٹیڈیم پر مرکوز ہیں، جہاں 28 اکتوبر کو گرین شرٹس اور پروٹیز آمنے سامنے ہوں گے اور فیصلہ ہوگا کہ کس کی حکمت عملی اور ہمت زیادہ کارگر ثابت ہوتی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز