نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سفارتی محاذ پر اپنی موجودگی منوا لی۔ عالمی امن، جوہری سلامتی اور ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ چار اہم قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئیں، جنہیں عالمی سطح پر پاکستان کے موثر اور ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے مطابق پہلی دو قراردادیں ”علاقائی سطح پر تخفیف اسلحہ“ اور ” اعتماد سازی کے اقدامات برائے علاقائی و ذیلی علاقائی سلامتی“ اقوام کے درمیان اعتماد، تعاون اور امن کے فروغ کے اجتماعی عزم کی عکاس ہیں،یہ اقدامات نہ صرف تنازعات کے حل میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ خطوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوں گے۔تیسری قرارداد ” روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول “ سے متعلق تھی،جسے اگرچہ چند ممالک کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تا ہم 193 میں سے 186 رکن ممالک نے اس کے حق میں ووٹ دیا جو پاکستان کی پالیسیوں پر عالمی برادری کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔چوتھی اور سب سے نمایاں قرارداد ” جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کے خطرے سے غیر جوہری ریاستوں کے تحفظ “ کے حوالے سے تھی،جسے 123 ووٹوں سے منظوری ملی۔یہ قرارداد جوہری اسلحے کے خاتمے،عالمی سلامتی کے فروغ اور غیر جوہری ریاستوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔پاکستانی مشن کے بیان میں کہا گیا کہ ان قراردادوں کا مقصد عالمی برادری کو اس بات کا یقین دلانا ہے کہ پاکستان نہ صرف جوہری طاقت کے طور پر ذمہ داری سے کام کر رہا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ایک فعال اور پرعزم کردار ادا کر رہا ہے۔عالمی مبصرین کے مطابق، اقوام متحدہ میں پاکستان کی یہ سفارتی کامیابی اس کے متوازن،حقیقت پسندانہ اور امن پر مبنی خارجہ وژن کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی بڑی سفارتی فتح! ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور
4