لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو واضح پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا اتحاد، تعاون اور اجتماعی سلامتی کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ جیسے اہم ممالک کا دفاعی تعاون کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آنا نہ صرف تینوں ممالک کے لیے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے،یہ معاہدہ مسلم دنیا میں باہمی اعتماد، اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف،سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماوں کی کاوشوں سے دفاعی تعاون کو نئی سمت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد، امن اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کا حامی رہا ہے جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے نے اس اصول کو مزید مضبوط کیا ہے کہ کسی ایک رکن ملک کے خلاف جارحیت تینوں ممالک کی سلامتی کے لیے چیلنج تصور ہوگی۔
واضح رہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر مکہ مکرمہ میں منعقدہ سہ فریقی سربراہی اجلاس میں پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔قصر الصفا میں ہونے والے اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان،وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان شریک ہوئے،جہاں تینوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات،دفاعی تعاون،علاقائی سلامتی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے بعد طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے،اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے،فوجی روابط، انٹیلی جنس شیئرنگ اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد خطے اور دنیا میں امن،استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت دینا ہے۔تینوں ممالک نے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔مریم نواز کے مطابق مکہ مکرمہ سے سامنے آنے والی یہ پیش رفت مسلم دنیا کے اتحاد اور مشترکہ قوت کے حوالے سے ایک مثبت پیغام ہے،جو مستقبل میں علاقائی اور عالمی سطح پر اہم اثرات مرتب کر سکتی ہے۔