ریاض(امیر محمد خان سے) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،جہاں دونوں ممالک نے مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینے،سرمایہ کاری بڑھانے اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔اعلیٰ سطح اجلاس میں جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دوطرفہ تعاون کو موثر اور پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا تاکہ خطے میں توانائی کے استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی،جہاں وفاقی وزیرِ توانائی(پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے سعودی حکام کے ہمراہ انرجی گروپ کے اعلیٰ سطح اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری توانائی منصوبوں،دوطرفہ تعاون اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا،جس پر فریقین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔دونوں جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اسے مزید وسعت دے کر نئی جہتوں تک لے جایا جائے گا۔اجلاس میں مستقبل کے سٹریٹجک منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور توانائی کے مختلف شعبہ جات بشمول بجلی کی پیداوار، قابل تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں شراکت داری بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو موثر،نتیجہ خیز اور پائیدار بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور اعلیٰ سطح رابطوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور جدید تقاضوں کے مطابق ترقی کے لیے پرعزم ہے اور سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعاون اس سلسلے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔سعودی حکام نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے میدان میں شراکت داری کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مملکت مستقبل میں بھی اس تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو فروغ دیا جا سکے اور خطے میں توانائی کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔