ریاض(امیر محمد خان سے)پاکستان اور سعودی عرب نے مالیاتی،سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اقتصادی شراکت داری کو نئی وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ فنانس گروپ کے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون،سرمایہ کاری کے امکانات اور توانائی کے شعبے میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری بھی شریک تھے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی قیادت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون،حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات پر اظہار تشکر کیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی،برادرانہ اور تزویراتی تعلقات باہمی اعتماد پر قائم ہیں،جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے اقتصادی روابط کا فروغ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔دونوں وزرائے خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مالیاتی تعاون،سرمایہ کاری، توانائی اور بجلی کے شعبوں میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ملاقات میں معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے توانائی کے شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے ممکنہ راستوں پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا کر اقتصادی تعاون کو نئی سطح تک لے جایا جائے گا،جس سے سرمایہ کاری،توانائی کے منصوبوں اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔حکام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتا ہوا اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے مضبوط تزویراتی تعلقات کا مظہر ہے جبکہ حالیہ روابط سے تجارت،سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔