پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیو کے مزید چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے 2024 میں کیسز کی کل تعداد 63 ہوگئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) برائے پولیو ایریڈیکشن کے مطابق، نئے رپورٹ ہونے والے کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، جیکب آباد اور ٹانک سے سامنے آئے۔
این ای او سی نے تصدیق کی کہ لڑکیوں میں تین کیس رپورٹ ہوئے جبکہ سکھر سے ایک لڑکا مہلک وائرس سے متاثر ہوا۔ صحت کے حکام ویکسینیشن مہم اور عوامی آگاہی کے اقدامات کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے نے بین الاقوامی اداروں کے لیے تشویش کو جنم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی ادارے نے پاکستان سے ہنگامی اقدامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے عالمی اداروں کو پولیو پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مزید برآں، پولیو وائرس سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والی یہ تنظیمیں ممکنہ طور پر اس ماہ کے آخر میں پاکستان آئیں گی۔