Home » بھارت کو آزاد کشمیر پر بولنے کا حق نہیں،کشمیر، افغانستان اور خطے کی صورتحال پر پاکستان کا جامع ردعمل سامنے آگیا

بھارت کو آزاد کشمیر پر بولنے کا حق نہیں،کشمیر، افغانستان اور خطے کی صورتحال پر پاکستان کا جامع ردعمل سامنے آگیا

by ahmedportugal
23 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان نے آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بھارت کے الزامات اور بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کو اس خطے کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا نہ کوئی اخلاقی جواز حاصل ہے اور نہ ہی قانونی حیثیت۔
ایگزو نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔ترجمان نے بھارت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کو بھارتی مالی معاونت حاصل ہے جبکہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کو بھی بھارت کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ان نیٹ ورکس کی مالی معاونت کو روکا جائے۔افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا اور افغان عوام کو برادر سمجھتا ہے تاہم افغان طالبان کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں یا دہشتگرد عناصر کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے ڈونر ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ افغانستان کو فراہم کی جانے والی امداد دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے خطے کی مجموعی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقوں میں شدت پسند گروہوں کی موجودگی اور جھڑپوں کی اطلاعات تشویشناک ہیں تاہم پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے آبنائے ہرمز کے بحران میں سلطنت عمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی برادر ممالک کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔بین الاقوامی سطح پر تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی تعاون تسلی بخش سطح پر جاری ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ مذاکرات میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔

بنگلادیش کی حالیہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور بنگلادیش کے عوام اپنے مسائل حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان بنگلادیش کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ اور متوقع دوروں کا مقصد سعودی عرب سمیت برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔اس سلسلے میں اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون،علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن،استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے سفارتی سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز