اسلام آباد: مارچ 2025 میں پاکستان کو ترسیلات زر کی مد میں 4.1 ارب ڈالر موصول ہوئے، جو کہ ملک کی تاریخ میں کسی ایک ماہ میں موصول ہونے والی سب سے بڑی رقم ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں فروری کے مقابلے 29.8% اور گزشتہ سال مارچ کے مقابلے 37.3% اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال (جولائی تا مارچ) میں مجموعی ترسیلات زر 28 ارب ڈالر رہیں، جو پچھلے سال کے 21 ارب ڈالر سے 33.2% زیادہ ہیں۔
سعودی عرب سے 987.3 ملین ڈالر، یو اے ای سے 842.1 ملین ڈالر، برطانیہ سے 683.9 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 419.5 ملین ڈالر ترسیلات زر موصول ہوا۔
وزیراعظم نے اس تاریخی سنگ میل پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعتماد حکومت کی پالیسیوں پر یقین اور معیشت کے استحکام کا مظہر ہے۔