اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان ریلویز نے مالی سال 2025-26 کے دوران ایک کھرب 3 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر کے اپنی تاریخ میں مالی کارکردگی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے،جسے ادارے کی مجموعی بہتری کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ریلوے نے مسافر ٹرینوں، فریٹ سروسز،سکریپ کی فروخت،ریلوے اراضی اور دیگر ذرائع سے مجموعی طور پر 103 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کی،جس سے ادارے کی مالی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی آمدنی کے اہداف اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور اس حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹر کے تمام اہم افسران کا ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے یوم عاشور کی تعطیلات کے دوران بھی سی ای او ریلوے،ایڈیشنل جنرل منیجرز،پرنسپل افسران اور اکاونٹس کے متعلقہ عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں ریلوے کی مجموعی مالی کارکردگی،آمدنی کے اہداف،جاری منصوبوں اور آئندہ مالی سال کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ اجلاس ادارے کی مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی گزشتہ رپورٹ میں پاکستان ریلویز کو تقریباً 60 ارب روپے خسارے کا سامنا تھا تاہم رواں مالی سال میں آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ادارے کی مالی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ریلوے نے مالی کارکردگی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے،ایک کھرب سے زائد ریونیو حاصل کر لیا
17