Home » امریکا،ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان متحرک،عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں

امریکا،ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان متحرک،عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورہ ایران کے دوران پاکستانی وفد نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں امریکا،ایران تنازع، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران کا بنیادی مقصد امریکہ و ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روکنے،مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور تنازع کے پرامن و جامع حل کے لیے سفارتی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔پاکستانی وفد نے ایرانی قیادت کے ساتھ بات چیت میں کشیدگی میں کمی اور مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ماحول میں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ایرانی قیادت نے اپنی حکومت کا موقف اور موجودہ صورتحال سے متعلق خدشات پاکستانی وفد کے سامنے تفصیل سے رکھے،جن پر تعمیری انداز میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نمائندے محسن رضائی سے بھی ملاقات کی جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ بھی اہم مذاکرات کیے گئے۔دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات میں بھی علاقائی سلامتی اور موجودہ کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ذرائع کے مطابق مختلف ملاقاتوں میں تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کی صورتحال اور اسے دوبارہ کھولنے کے امکانات بھی گفتگو کا حصہ رہے۔فریقین نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان علاقائی امن کے فروغ اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے ممکنہ طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی۔

ایرانی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد کے تعمیری کردار کی پذیرائی کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارت کاری،مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کی جائے۔ان کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مذاکرات مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ ایران کے دوران ہونے والی پیش رفت آئندہ دنوں میں مزید مثبت اقدامات کی بنیاد بنے گی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔پاکستانی وفد کا یہ دورہ ایسے وقت میں مکمل ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور ایران، امریکا کشیدگی کے باعث خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں۔ اسلام آباد کی جانب سے مذاکرات اور سفارتی رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے فعال کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز