اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)دورہ ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے ممکنہ پلیئنگ الیون پر ابتدائی مشاورت شروع کر دی ہے،جس میں بیٹنگ کو مضبوط بنانے کے لیے 7 سپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی حکمت عملی زیر غور ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی طور پر جن کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے پر غور کیا ہے، ان میں اذان اویس، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم اور محمد رضوان نمایاں ہیں، جبکہ آل راونڈر سلمان علی آغا کو بھی ٹیم کا حصہ بنانے کا امکان ہے،جنہیں پانچویں بولر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولنگ شعبے میں عامر جمال اور محمد عباس کی شمولیت کا امکان ہے، جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی میں سے ایک فاسٹ بولر کو حتمی الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب لیفٹ آرم اسپیشلسٹ اسپنر علی عثمان کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات بھی روشن ہیں، تاہم حتمی فیصلہ پچ کی صورتحال اور کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ٹیم مینجمنٹ نے بولرز کو بیٹنگ صلاحیتوں پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ نچلے نمبروں پر بھی رنز کا اضافہ کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق ٹرینیڈاڈ میں واقع برائن لارا کرکٹ اکیڈمی کے میدان میں پہلے ٹیسٹ کے لیے گھاس والی پچ تیار کی جا رہی ہے، تاہم کیوریٹرز نے پچ کو ہری گھاس کے بجائے بھوری گھاس سے ڈھانپ رکھا ہے، جس سے کنڈیشنز کے بارے میں مختلف اندازے لگائے جا رہے ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا، جہاں قومی ٹیم کی نظریں مضبوط آغاز، متوازن کمبی نیشن اور سیریز میں برتری حاصل کرنے پر مرکوز ہوں گی۔
پاکستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ،پلیئنگ الیون کا منصوبہ تیار،7 سپیشلسٹ بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری
27