Home » پیٹرول پمپ بندش کا بڑا اعلان،رات 12 بجے سے ملک بھر میں ڈیزل اور پیٹرول کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ

پیٹرول پمپ بندش کا بڑا اعلان،رات 12 بجے سے ملک بھر میں ڈیزل اور پیٹرول کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ جاری اختلافات کے حل نہ ہونے پر ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق آج رات 12 بجے کے بعد تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت معطل کردی جائے گی اور مطالبات کی منظوری تک یہ بندش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وائس چیئرمین پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن انعام الحق چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مطالبات پر غیر لچکدار رویہ اختیار کیا جا رہا ہے،جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن عوام کو مشکلات میں مبتلا نہیں کرنا چاہتی تاہم موجودہ صورتحال میں حکومت نے مذاکرات کے بجائے ایسا راستہ اختیار کیا جس کے باعث احتجاج کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں بچا۔

انعام الحق چوہدری نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا طریقہ کار پیٹرول ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں ہے،کیونکہ اس سے کاروباری معاملات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ان کے مطابق ڈیلرز کے موجودہ مارجن میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے،بصورت دیگر پیٹرول پمپ مالکان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔پیٹرول پمپ مالکان کا موقف ہے کہ موجودہ مارجن پر ان کے اخراجات پورے نہیں ہو رہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی،بجلی کے بھاری بلوں،ملازمین کے اخراجات اور دیگر مالی دباو کے باعث ڈیلرز شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول ڈیلرز کے مارجن میں فوری اضافہ کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کی جائے۔دوسری جانب پیٹرول پمپ بندش کے اعلان کے بعد ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔اب تمام نظریں حکومت اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر مرکوز ہیں،کیونکہ فریقین کے درمیان ڈیڈلاک برقرار رہنے کی صورت میں ملک میں ایندھن کی قلت اور عوامی مشکلات میں اضافے کا امکان ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز