پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم کشمیر منایا جا رہا ہے۔
پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ریلی نکالی گئی۔
شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دس بجے سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم راستوں، ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے اطراف پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کیے گئے۔
آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج مظفرآباد میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ہوا۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے منگلا، کوہالہ، برڑ کوٹ، آزاد پتن اور ہولاڑ میں بھی انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔
میرپور میں بھی منگلا پل پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسی طرح کی تقریبات کوٹلی اور بھمبر اضلاع میں بھی منعقد کی جائیں گی۔