پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کیلئے تیز گیند باز عامر جمال کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے میر حمزہ کو اس میچ کیلئے پلیئنگ الیون میں ان کے متبادل کے طور پر منتخب کرنے کا زیادہ امکان ہے جو جمعہ سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔
اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں 13.85 کی اوسط سے 20 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی کو پچ کی صورتحال کے باعث پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
پروٹیز نے سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ٹیم گرین کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اس جیت کے بعد جنوبی افریقہ نے اگلے سال لارڈز میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔