لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب میں کینسر کے علاج کے لیے ایک نئے اور جدید دور کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں پہلی بار ”کوآبلیشن “ ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کا علاج ممکن بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باضابطہ طور پر اس جدید علاج کے منصوبے کا افتتاح کیا، جس کے بعد صوبے میں کینسر کے مریضوں کو عالمی معیار کا علاج میسر ہوگیا ہے یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ کینسر کے مریضوں کوعلاج کی جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے، پنجاب میں پہلے جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق میو ہسپتال لاہور میں قائم کیے گئے اس پہلے “کوآبلیشن” سنٹر میں چین سے درآمد کی گئی جدید مشینری نصب کی گئی ہے اور اس سے علاج کا عمل باقاعدہ شروع ہو چکا ہے۔ ڈاکٹروں اور عملے کی خصوصی تربیت پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے، جس کے بعد اس ٹیکنالوجی کو عملی طور پر اپنایا گیا ہے،میو ہسپتال کی ماہر ٹیم اب تک پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر میں مبتلا دو مریضوں کے کامیاب آپریشن کر چکی ہے۔
میڈیکل ٹیم کے مطابق جگر میں خون پہنچانے والی شریانوں میں رکاوٹ (ٹیومر) اور چھاتی کے کینسر (ٹیومر) کا علاج بجلی کی حرارت کے ذریعے کیا گیا، جس میں متاثرہ ٹشوز کو جلایا جاتا ہے، اس جدید طریقہ علاج کو روایتی سرجری کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، کم تکلیف دہ اور تیز رفتار ریکوری کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔میو ہسپتال کے ڈاکٹروں نے “کوآبلیشن” ٹیکنالوجی کو کینسر کے علاج میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف مریضوں کو زیادہ محفوظ اور تیز علاج فراہم کرے گی بلکہ مستقبل میں کینسر کے دیگر اقسام کے علاج کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گی۔یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں کینسر کے علاج کے لیے اس جدید اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا گیا ہے، جسے ماہرین صحت ملک میں ایک انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے علاج کی جدید ٹیکنالوجی سب سے پہلے پنجاب میں متعارف کرائی، پہلے مرحلے میں ہم نے 5 کینسر کے مریضوں پر یہ علاج اپنایا، اللہ کے کرم سے تمام مریض کینسر فری ہو گئے، چین میں کینسر کے علاج کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کیا، کینسر کے علاج کیلئے جدید مشینری پاکستان لانے کیلئے ہدایات دیں، کینسر کے مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔وزیراعلی مریم نواز کا کہناتھا کہ کینسر کے علاج کی تربیت کیلئے پاکستانی ڈاکٹرز کو چین بھجوایا، 2مریضوں کا جدید ٹیکنالوجی سے کامیاب ا?پریشن کیا جا چکا ہے، کینسر کے علاج کی ایسی جدید ٹیکنالوجی بھارت میں بھی نہیں، جدید ٹیکنالوجی سے کینسر کے مریضوں کیلئے امید کی کرن پیدا ہوئی۔
پاکستان کا تاریخی اور پہلا اور جدید “کوآبلیشن “کینسر ٹریٹمنٹ کا آغاز،لاہور میں چین سے منگوائی جدید مشینری سے کینسر کے مریض شفا یاب ہونے لگے
3